لندن،26؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)انگلینڈ نے ہندوستان کے خلاف ہونے والی پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16رکنی ٹیم کا اعلان کیا جس میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔تیز گیند باز جیمز اینڈرسن ٹیم کے دورے کے آغاز میں نہیں کھیل پائیں گے کیونکہ وہ کندھے کی چوٹ سے ابھی تک نہیں نکلے ہیں۔یہ ٹیم وہیں ہے جس نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا۔اینڈرسن اس چوٹ کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں نہیں کھیلے تھے،ان کے اگلے ماہ نو نومبر سے راج کوٹ میں شروع ہونے والی سیریز کے ابتدائی میچ میں کھیلنے کاامکان نہیں ہے۔لیکن یہ 34سالہ تیز گیندبازہندوستان کے خلاف بچے ہوئے چار ٹیسٹ میچوں کی ٹیم میں شامل ہوسکتاہے۔اینڈرسن نے انگلینڈ کے لیے ریکارڈ 473وکٹ لئے ہیں۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ(ای سی بی)نے بیان میں کہاکہ توقع ہے کہ وہ ہندوستان میں سیریز کے کچھ حصے میں حصہ لیں گے۔انگلینڈ کی ٹیم فاسٹ بولر مارک ووڈ کے بغیر ہو گی جوٹخنوں چوٹ سے نکل رہے ہیں۔اسٹیورٹ براڈ، کرس ووکس، بین اسٹوکس، اسٹیون فن اور جیک بال ٹیم میں فاسٹ بولرہیں جبکہ معین علی، عادل راشد، گیریتھ بیٹی اور ظفر انصاری ا سپن اٹیک کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔پہلا ٹیسٹ راج کوٹ میں کھیلاجائے گا جس کے بعد وشاکھاپٹنم، موہالی، ممبئی اور چنئی میں اگلے ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ٹیم اس طرح ہے:ایلسٹر کک(کپتان)، معین علی، ظفر انصاری، جانی بییرسٹو، جیک بال، گیری بیلنس، گیریتھ بیٹی ، اسٹیورٹ براڈ، جوس بٹلر، بین ڈکیٹ، سٹیون فن، حسیب حمید، عادل راشد، جو روٹ، بین اسٹوکس اور کرس ووکس۔